5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
قومی اسمبلی میں پی آئی اے اور ترک ایئرلائنز کے درمیان معاہدے کا دفاع
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیر دفاع احمد مختار نے قومی اسمبلی میں پی آئی اے اور ترک ایئرلائنز کے درمیان روٹس کے معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پی آئی اے کو یورپ کے لیے100 اضافی روٹس مل جائیں گے۔وقفہ سوالات کے دوران وزیر دفاع چوہدری احمد مختار کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور ترک ایئرلائنز کے معاہدے بارے ارکان کے لیے بریفنگ کا اہتمام کیا جانا چاہیے تاکہ تحفظات دور کیے جاسکیں۔ پی آئی اے کے پائلٹس کے بطور جی ایم کام کرنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کوئی شخص ایک ادارے میں دو تنخواہوں پر کام نہیں کرسکتا اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔ وزیر پیٹرولیم نوید قمر نے ایوان کا بتایا کہ پاک، ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں شمولیت کے لیے بھارت کی جانب سے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی منصوبے سے حاصل ہونے والی گیس کی قیمت کا تعین کیا گیا ہے ۔ تاہم اس سے10 سے12 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو گیس حاصل ہوگی جو موجودہ قیمت سے تقریبا دوگنا مہنگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس چوری روکنے کے لیے قانون تیار کیا جارہا ہے جسے جلد پارلیمنٹ میں پیش کردیا جائے گا۔ایوان نے زلزلہ زدگان کی آبادی کاری اور تعمیر نو کے لیے ایرا کے قیام کے بل کی بھی منظوری دے دی جبکہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی بل پر اپوزیشن کے اعتراضات دور کرنے کے لیے کارروائی موخر کردی گئی۔ ایم کیو ایم کے ساجد احمد نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ تین سال میں سیکڑوں صحافی قتل کئے گئے حکومت جیو نیوز کے بہادر رپورٹر ولی خان بابر سمیت کسی صحافی کے قاتل گرفتار نہیں کرسکی۔