5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
راجن پور: غیرت کے نام پر خواتین کا قتل سراسرظلم ہے،متحدہ قومی موومنٹ
جنگ نیوز -
کراچی...متحدہ قومی موومنٹ کی ارکان قومی اسمبلی کشورزہرا ، خوش بخت شجاعت اور فوزیہ اعجازنے پنجاب کے شہرراجن پورمیں غیرت کے نام پر خواتین کے سفاکانہ قتل کے مسلسل واقعات کی شدیدمذمت کی ہے اورصدرآصف زرداری، وزیراعظم یوسف رضاگیلانی ،وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک ،گورنرپنجاب لطیف کھوسہ اوروزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے مطالبہ کیاہے کہ اس سنگین معاملہ کافوری نوٹس لیاجائے اورخواتین کے سفاک قاتلوں کو گرفتار کیا جائے ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں ایم کیوایم کی خواتین ارکان قومی اسمبلی نے نجی ٹی وی پرنشرہونیوالی رپورٹ کے حوالے سے کہاکہ پنجاب کے شہر راجن پورمیں معصوم وبے گناہ خواتین کو غیرت کے نام پر نہ صرف سفاکی سے قتل کیاجارہاہے بلکہ قتل کے بعد انکی لاشوں کی بھی بے حرمتی کی جارہی ہے اور ان کی لاشوں کو دریامیں پھینکاجارہاہے ،یہ بھیانک واقعات اس قدرتسلسل کے ساتھ ہورہے ہیں کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران درجنوں معصوم خواتین کوقتل کیا جاچکا ہے،معاملے کاسنگین پہلویہ ہے کہ علاقے کے بڑے بڑے جاگیردار اورسردارغیرت کے نام پرمعصوم وبے گناہ خواتین کے بہیمانہ قتل کے ان واقعات کی سرپرستی کررہے ہیں جس کی وجہ سے قاتلوں کی گرفتاری تودرکنارقاتلوں کے خلاف مقدمات تک درج نہیں کئے جارہے ہیں اورراجن پورکی پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ ایم کیوایم کی ارکان پارلیمنٹ نے خواتین کے قتل کے ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ سراسرظلم ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ خواتین پرمظالم کے بڑھتے ہوئے یہ واقعات پاکستان میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ نظام کاشاخسانہ ہیں،انھوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔دریں اثناء حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عبدالقادر خانزداہ نے پنجاب پولیس کی جانب سے اندرون سندھ کے اضلاع گھوٹکی اور سکھر میں مقامی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر چھاپہ مار کارروائیوں ، گرفتاریوں اور بے گنا ہ دیہاتیوں کے ماورائے عدالت قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے ماورائے آئین و قانون اقدامات کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور سندھ کے عوام کو پنجاب پولیس کے ظلم و زیادتیوں سے نجات دلائی جائے ۔انھوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کی جانب سے مختلف اوقات میں گھوٹکی اور سکھر کے اضلاع میں مقامی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کئی کارروائیاں کی گئی ہیں اور کئی بے گنا ہ افراد پنجاب پولیس کی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں پنجاب پولیس کے اختیارات سے تجاوز پر حکومت سندھ کی خاموشی بھی معنی خیزہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیسکئی افراد کو ڈاکو یا دیگر جرائم میں ملوث قرار دیکر ماورائے عدالت قتل کرچکی ہے،انھو نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے گھوٹکی اور سکھر میں چھاپہ مار کارروائیوں ، گرفتاریوں اور بے گناہ دیہاتیوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کاسختی نوٹس لیاجائے ۔