5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ایم ایم اے کی بحالی، فیصلہ منور حسن اور فضل الرحمان نے کرنا ہے ، قاضی حسین
جنگ نیوز -
پشاور..جمعیت علما اسلام ف سے ناراض رہنے جماعت اسلامی کے رہ نما قاضی حسین احمد نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی پر آمادگی کا اظہار کردیا ہے، تاہم ان کا یہ کہنا ہے کہ اس کا حتمی فیصلہ مولانا فضل الرحمان اور سید منور حسن کو ہی کرنا ہو گا۔پشاور میں سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگو کی۔ جس میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ ناموس رسالت کے قانون میں کوئی تبدیلی نہیں ہونی چاہیے۔ جس پر تمام مذہبی جماعتیں متحد ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے بھی موقع غنیمت جان کر خوشگوار انداز میں قاضی حسین احمد کو ایم ایم اے کا رہ نما کہہ کر پکارا۔ جس پر قاضی حسین احمد نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی پر انھیں کوئی تحفظات نہیں ہیں۔ تاہم اس کا فیصلہ مولانا فضل الرحمان اور امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کو کرنا ہو گا۔ اس سلسلے میں جو بھی فیصلہ کیا گیا وہ انھیں قبول ہو گا۔