تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس،مختلف ترقیاتی منصوبوں پر غور

جنگ نیوز -
کراچی…سید منہاج الرب...وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں سندھ میں شروع کئے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بحث کی گئی اور ان کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ افسران و اداروں کو ہدایت دی کہ سیلاب کے حفاظتی بندوں کے پشتوں کو تعمیر و مرمت، اور بہتر بنایا جائے جو کہ حالیہ بھاری سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 76منظور شدہ اسکیمیں ہیں جن پر لاگت کا تخمینہ 16بلین روپے ہے اور اب تک ایک بلین روپے محکمہ آبپاشی کو جاری کئے جا چکے ہیں جس نے تعمیر و مرمت کا کام شروع کر دیاہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے آبپاشی کے نظام کی بحالی سیلاب کے حفاظتی بندوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 5بلین روپے کی منظوری دی ہے اور توقع ہے کہ وفاقی وزارت خزانہ پاکستان چند دنوں میں فنڈز جاری کردے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ تعمیر و مرمت کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جائے اور مقررہ اہداف کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ صدر آصف علی زرداری نے پہلے ہی تین رکنی وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو کہ بندوں کے تعمیر و مرمت کے شروع کئے گئے کاموں کی نگرانی کریگی۔ میر نادر علی خان مگسی، جام سیف اللہ دھاریجو اور محمد ایاز سومرو تین رکنی کمیٹی میں شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ5,42,860 خاندانوں کو مالی امداد کی مد میں 4,97,093 خاندانوں کو وطن کارڈ جاری کئے گئے ہیں، کل5.3بلین روپے 20,000فی خاندان پہلی قسط کے طور پر دیئے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ادائیگی کے عمل پر مایوسی ظاہر کی اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کے رقم کی ادائیگی کے عمل کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے،جبکہ کراچی پیکیج، حیدرآباد پیکیج، لیاری پیکیج، لاڑکانہ پیکیج روہڑی کینال ، نارا کینال، دادو کینال، رائیس کینال کی لائننگ، واٹر کورسز کی بہتری کے لئے قومی پروگرام ، گھارو تاکیٹی بندر سڑک کی تعمیر، گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیز، گریٹ کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم (کے۔IV)ا ور دیگر اسکیموں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ ، بہبود آبادی کی لیڈی ہیلتھ ورکروں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا بھی نوٹس لیا گیا ۔ اجلاس میں دیگر کے علاوہ صوبائی وزیرخزانہ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزیر ری ھیبلیٹیشن حاجی مظفر شجرہ، صوبائی مشیر منصوبہ بندی و ترقیات قیصر بنگالی، چیف سیکریٹری سندھ غلام علی پاشا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات اسحاق لاشاری، سیکریٹری خزانہ محمد صدیق میمن،وزیراعلیٰ کے سیکریٹری احمد بخش ناریجو بھی موجود تھے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.