5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈ ڈیوس کی حوالگی، پنجاب کے رکاوٹ بننے کا تاثر دیا جارہا ہے،چوہدری نثار
جنگ نیوز -
اسلام آباد...قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ امریکیوں کو باور کرایا جارہا ہے کہ لاہور واقعہ میں ملوث ریمنڈ ڈیوس کی امریکا حوالگی کے لیے وفاق تیار ہے، پنجاب رکاوٹ بناہوا ہے ۔ تاہم وزیر یوسف رضا گیلانی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس کیس میں عدالتی فیصلے پر من وعن عمل کیا جائے گا۔قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی بار غیر ملکیوں کی سرگرمیوں کی نشاندہی کی لیکن حکومت نے کچھ نہیں کیا غیر ملکیوں کے لیے ویزوں کی ریل پیل کردی گئی ہے جس کے لیے ایوان صدر،دفتر خارجہ،آئی ایس آئی اور واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کی صورت میں چار حکومتیں قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک امریکی اہلکار نے سرکاری طور پر کہا کہ ڈیوس کی حوالگی کے لیے وفاق تیار ہے تو پنجاب حکومت رکاوٹ کیوں بن رہی ہے ، چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ان کے پاس امریکی سفاتخانے کا وہ خط بھی موجود ہے جس میں ڈیوس کے لیے غیر سفارتی شناختی کارڈ کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت قانون میں ترمیم کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ہورہے ہیں وزیر اعظم اس پر اپنا بیان دیں۔ ایوان سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیوس کے معاملے پر کوئی ایسا اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے ملک کی عزت پر حرف آئے جب کہ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی کسی جماعت کا ایجنڈا نہیں تو پھر ایسا کیوں ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ شیری رحمان کا بل انفرادی حیثیت میں تھا جس پر انہیں بتادیا کہ یہ حساس معاملہ ہے اسے پارٹی میں زیر بحث لایا جائے۔ اقلیتی ارکان کا موقف اس قانون کا غلط استعمال روکنا ہے جس کے لیے علما اور پارلیمانی لیڈر رہنمائی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون میں ترمیم کے لیے حکومت نے کوئی کمیٹی نہیں بنائی۔