5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پی آئی اے ملازمین کو تیسرے دن بھی تنخواہ نہ ملی
جنگ نیوز -
کراچی...پی آئی اے ملازمین کو تیسرے دن بھی تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوسکی جبکہ ملازمین کو ابھی تک پے سلپ بھی جاری نہیں ہوئی ہے ۔ پی آئی اے ملازمین کو ہر ماہ کی آخری تاریخ کو تنخواہ جاری ہوتی ہے۔ پی آئی اے ترجمان نے جیو نیوز کو بتایا کہ کسی بحران کا سامنا نہیں بلکہ بینکوں کے طریقہ کار کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے ، تمام ملازمین کو تنخواہ تین فروری کو ادا کردی جائے گی ۔ دوسری جانب سی بی اے پیپلز یونٹی کے انتظامیہ کے حامی دھڑے کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر کیپٹن اعجاز ہارون ترکش ایرلائن سے معاہدے کی مخالفت کرنے پر ملازمین کوسزا دینا چاہتے ہیں اسی لیے تنخواہوں میں دیرہورہی ہے۔ ادھر پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے الزام عائد کیا کہ ملازمین کی تنخواہیں روک کر ان میں خوف وہراس پیدا کیا جارہاہے۔