5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
خرگوش سے منسوب نئے چینی سال کا آ غاز ہوگیا
جنگ نیوز -
بیجنگ ... خرگوش سے منسوب نیا چینی سال کا آغاز ہوگیا ۔ دنیا بھر میں چینی باشندوں نے نئے قمری سال کا استقبال روایتی تقریبات سے کیا ۔ قمری سال کے آغاز پر چین میں روایتی پکوان تیار کئے جاتے ہیں ، گھروں کی صفائی ہوتی ہے اورنئے لباس زیب تن کیے جاتے ہیں ۔ چینی عقیدے کے مطابق خرگوش کو خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔ اسی لیے لوگوں نے اپنے پیاروں کو نئے سال پر سونے سے بنے خرگوش کا تحفے دیئے ۔ بعض منچلے سر پر خرگوش کے کان لگائے بازاروں میں گھومتے بھی نظر آئے ۔ دنیا بھرمیں چینی باشندے نئے سال کا آغاز مختلف طریقوں سے کرتے ہیں ۔ جاپان کے جزیرے یوکو ہاما میں چائنا ٹاؤن میں بڑی گھنٹی بجاکر نئے قمری سال شروع ہونے کا اعلان کیا گیا ۔ تقریبات میں جاپانی باشندوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ سنگاپورمیں نئے چینی سال کااستقبال زبردست آتش بازی اورلالٹینیں جلا کر کیا گیا ۔ سنگا پورمیں بھی نئے قمری سال کا جشن بھرپور طریقے سے منایا گیا جس میں غیر ملکی سیاحوں نے بھی شرکت کی ۔