5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
’امریکا ،چین نے سیٹلائٹس تباہ کرنے کیلئے جدیدترین میزائل استعمال کیے‘
جنگ نیوز -
لندن …امریکا اور چین نے خلا میں اپنی فوجی قوت کا مظاہرہ کرنے کیلئے اپنے ہی سیٹلائٹس تباہ کرنے کی غرض سے جدید ترین میزائل استعمال کئے تھے ۔یہ انکشاف وکی لیکس کے جاری کردہ مراسلوں سے ہوا جو برطانوی اخبار نے شائع کئے ہیں ۔ مراسلوں کے مطابق چین نے فروری دو ہزار سات میں اپنے ایک موسمیاتی سیٹلائیٹ کو خلا میں تباہ کیا تھا ۔ اس واقعے نے امریکا کو حیران و پریشان کردیا ۔ جواب میں امریکا نے بھی اپنے خراب ہوجانے والے ایک سیٹلائیٹ کو تجرباتی حملے کا نشانہ بناکر تباہ کردیا تھا ۔ امریکا کا اصرار تھا اس نے زہریلے فیول ٹینک والے سیٹلائیٹ کو زمین پر گرنے سے روکنے کے لئے یہ آپریشن کیا ۔ بیجنگ میں امریکی سفارت خانے نے فروری دوہزار آٹھ کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا کہ چینی حکومت کو امریکا کی اس وضاحت سے مطمئن نہیں ہے ۔ مراسلے کے مطابق چین کے آرمز کنٹرول اور ڈِس آرما منٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل تینگ جیان چن کا کہنا تھا کہ امریکا نے اپنے سیٹلائٹ کو غیر ضروری طور پر تباہ کیا اور اس کا مقصد اپنے میزائل دفاعی نظام کی آزمائش کرنا تھا ۔