تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

سوات اورمظفر آبادمیں بارش ، بالائی علاقوں میں برف باری

جنگ نیوز -
اسلام آباد…سوات اورمظفر آباد کے بیشتر علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے جبکہ شمالی بلوچستان کے اکثر مقامات پر بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا ہے ۔سوات ، مینگورہ ، کالام ، مدین ، بحرین اور ضلع شانگلہ کے بعض علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی ہے جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا ہے ۔علاقے میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی سے لوگوں کو سرد موسم میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مظفرآباد کے بالائی علاقوں، وادی نیلم ، شاردہ ، کیل اور تاؤبٹ میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے بعد زیریں وادی نیلم ، اٹھ مقام اور نوسیری میں موسلا دھار بارش اور وادی لیپہ میں برف باری ہوئی ہے۔شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن،پشین ، قلعہ عبد اللہ،زیارت سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ اسکردو اور گانچھے میں موسم ابر آلود ہے ۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ دونوں اضلاع میں برف باری کا امکان ہے۔گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں ہنزہ نگر اوراستور سمیت بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے،تاہم سردی کی شدت کم ہوگئی ہے۔ملکہ کوہسار مری کا موسم بھی ابر آلود ہے اور سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں بھی برف باری کا امکان ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.