تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

قاہرہ:حسنی مبارک کے حامیوں اور مخالفیں میں جھڑپیں، 7افراد ہلاک

جنگ نیوز -
قاہرہ…قاہرہ کے التحریر اسکوائر میں صدر حسنی مبارک کے حامیو ں اور مخالفین میں جھڑپوں کے دوران7افراد ہلاک اورسیکڑوں زخمی ہوگئے۔جھڑپوں کے بعد فوج نے لوگوں کی گرفتاری شروع کردی ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ اگر مصر میں حکومت مخالف مظاہرین پر تشدد کا سلسلہ جاری رہے تو امریکا کو مصر کی فوجی امداد بند کردینی چاہیے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ التحریر اسکوائر میں رات بھر مظاہرین جمع رہے اور انہوں نے صدرحسنی مبارک کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ایک عرب ٹی وی کے مطابق صبح سوا چار بجے صدر کے حامیوں نے مظاہرین پر فائرنگ کردی جس سے ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے،جس کے بعد فائرنگ جاری رہی اور مزید دوافراد ہلاک ہو گئے،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم از کم7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ایک عینی شاہد نے کہا کہ فائرنگ حسنی مبارک کے حامیوں کی جانب سے کی گئی ۔ عرب ٹی وی کے مطابق جھڑپوں اور ہلاکتوں کے بعد فوج کی جانب سے پکڑ دھکڑ شروع کردی گئی تاہم گرفتار شدگان کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی ۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے مصر کے نائب صدر عمر سلیمان سے ٹیلی فون پر بات کی اور مطالبہ کیا کہ اس بات کی تحقیقات کی جائے کہ مظاہرین پر فائرنگ کون کر رہا ہے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان فلپ کراؤلی نے صحافیوں کو بتایا کہ ہلیری کلنٹن نے نائب صدرسے کہا ہے کہ اقتدار کی منتقلی کاعمل فوری شروع کیا جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.