5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کے ای ایس سی کا گیس فراہمی کے بعدلوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان
جنگ نیوز -
کراچی…سوئی سدرن گیس کمپنی نے کے ای ایس سی کو سپلائی بڑھا کر70 ایم ایم سی ایف ڈی کر دی۔جبکہ کے ای ایس سی نے گیس فراہمی پر صنعتی علاقوں سے لوڈ شیڈنگ ختم کردی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ سوئی سدرن نے آج کے ای ایس سی کو گیس سپلائی بڑھا کر ستر ایم ایم سی ایف ڈی کر دی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ بھٹ گیس فیلڈ سے سوئی سدرن کو ملنے والے گیس سپلائی میں مزید کمی ہوئی ہے اور اب کل شارٹ فال پچپن ایم ایم سی ایف ڈی ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج گیس فیلڈ کے خراب آلات ملک پہنچ جائیں گے اور کل شام تک بھٹ گیس سے سپلائی نارمل ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ زمزمہ گیس فیلڈ سے سوئی سدرن کو ملنے والی سپلائی مکمل بحال ہو کر 210 ایم ایم سی ایف ڈی ہو گئی ہے۔دوسری طرف کے ای ایس سی نے گیس سپلائی بڑھانے پر کراچی کے صنعتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا اعلان کیاہے،کے ای ایس سی نے یہ اقدام سوئی سدرن کی جانب سے گیس فراہمی کے بعد کیا ہے۔