5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بدامنی سے نجات کے لیے سیرت نبوی کی پیروی ضروری ہے،علامہ موسوی
جنگ نیوز -
راولپنڈی…عالمگیر ہفتہ عظمت مصطفیٰ و مجتبیٰ بمناسبت وصال النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اورشہادت شہزادہ امن حضرت امام حسن کے پروگرام دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان میں جمعرات کو عزت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے ۔اس موقع پر مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کا انعقاد کیا گیا ۔قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے راولپنڈی پیپلز کالونی میں سید نواب شاہ کے زیراہتمام برآمد ہونے والے مرکزی ماتمی جلوس میں خصوصی طورپر شرکت کی ۔اس موقع پر میڈیاکے نمائندوں اورعزاداروں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ موسوی نے کہاکہ وصال النبی اورحضرت امام حسن کے یوم شہادت پرامت مسلمہ اورمیڈیاکی خاموشی معنی خیز ہے ، دنیاکودرپیش دہشت گردی اوربدامنی سے نجات حاصل کرنے کیلئے سیرت نبوی اوراسوہ حضرت امام حسن مجتبیٰ کی عملی پیروی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں پاکیزہ ہادیان دین کے نقش قدم پرچلتے ہوئے اپنے مسائل و مصائب کے خاتمے کیلئے افہام تفہیم کی پالیسی اختیارکرناہوگی ۔انہوں نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ جنت البقیع میں دیگرہسیتوں کی طر ح امام حسن مجتبیٰ کامزارمبارک بھی زمین بوس ہے، مشاہیراسلام کی یادگاروں کی عظمت رفتہ کی بحالی کے بغیرعالم اسلام کے مصائب و الام کا خاتمہ اورعالمی امن کاخواب شرمندئہ تعبیرنہیں ہوسکتا ،عالم اسلام کو جنت المعلیٰ اور جنت البقیع کی عظمت رفتہ بحال کرکے حرمت رسول ،آل رسول و پاکیزہ صحابہ کبارکا عملی ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ رسالت مآب سب سے افضل وبرتراورآخری نمائندہ خداوندی ہیں ۔ جنہوں نے الہٰی دستورحیات کی ترویج وتبلیغ کیلئے انتہائی جدوجہدکی، آپ اپنی حیات طیبہ میں قانون الہٰی کونافذ کر کے پہلی اسلامی ریاست کے سربراہ قرارپائے۔