تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

عوام صورتحال سے تنگ ہیں،انشاء اللہ ملک میں انقلاب آئے گا،الطاف حسین

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان کے عوام کرپشن، مہنگائی اوربیروزگاری سے تنگ آچکے ہیں،عوام کے درمیان لاوا پک رہاہے اورانشاء اللہ ملک میں انقلاب آئے گا، ماضی میں پاکستان میں فوج کے جرنیلوں نے جاگیرداروں ،سرداروں اورسرمایہ داروں کاساتھ دیالیکن میں یقین سے کہتاہوں کہ پاکستان میں انقلاب کی لہردوڑی توفوج کے جرنیل ،افسران اورسپاہی عوام کے شانہ بشانہ ہوں گے۔انہوں نے ایک انٹرویومیں کہاکہ مڈل ایسٹ کی صورتحال جہاں افسوسناک اوردکھ بھری ہے وہاں ہم سب کیلئے لمحہ ء فکریہ بھی ہے اورہمیں بھی ان حالات کوسامنے رکھتے ہوئے اپنے گریبانوں میں بھی جانکناچاہیے،اسی میں ہی پاکستان کی بقاء اور سلامتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بھی عوام کی حالت خراب ہے، لوگ غربت، بیروزگاری،مہنگائی سے تنگ آکراپنے بچے فروخت کررہے ہیں، کچھ لوگ خودکشی کررہے ہیں،گھروں میں جھگڑے ہورہے ہیں۔دوسراطبقہ اشرافیہ کاہے جس کی دولت اورجاگیروں اورجائیدادوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ ملک میں ہرشعبہ میں کرپشن ہے جس نے ملک کی معیشت تباہ کردی ہے ۔ہرادارے میں پسندکے لوگ لگائے جارہے ہیں، عوام بہت تنگ ہیں،ان میں لاواپک رہاہے ،آج نہیں توکل عوام اس لوٹ مار، کرپشن اورمہنگائی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔لاہورمیں دونوجوانوں کوفائرنگ کرکے ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتارامریکی اہلکارریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے بارے میں انہوں نے کہاکہ جس طرح امریکہ ، برطانیہ یاکسی اورملک میں گرفتارہونیوالے پاکستانیوں پر وہاں کے قوانین کے مطابق مقدمہ چلتاہے اسی طرح ریمنڈڈیوس کا معاملہ بھی پاکستان کی عدالت میں ہے اورعدالت کوپاکستان کے آئین وقانون کے مطابق فیصلہ کرناہے،عوام یہ ہرگزنہیں چاہیں گے کہ بالاہی بالا کوئی فیصلہ کرکے ریمنڈڈیوس کوامریکہ کے حوالے کردیاجائے۔ پاکستان کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو 86سال کی سزادیدی گئی جبکہ اس نے کسی کوقتل نہیں کیاتھا۔ الطاف حسین نے کہاکہ آج پنجاب ، خیبرپختونخوا، بلوچستان آزادکشمیر، گلگت بلتستان حتیٰ کہ فاٹامیں بھی نوجوان نسل ایم کیوایم کوہی اپنی امیدوں کی کرن کے طورپردیکھ رہے ہیں۔






متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.