تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

نونکاتی میثاق معیشت حکومتی ٹیم کے حوالہ کردیا، ڈاکٹر فارو ق ستار

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاہے کہ قائد تحریک لطاف حسین کے معاشی ویژن کی روشنی میں تیار کردہ9نکاتی میثاق معیشت حکومتی اقتصادی ٹیم کے حوالہ کردیا ہے،ہماری پیش کردہ تجاویزپر عمل کرکے بجٹ خسارہ کم ،مالی و سائل میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوسکتا ہے اور عوام کو بالواسطہ ٹیکسوں سے بچایا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزارت خزانہ میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملکی معاشی صورتحال کے حوالہ سے مذاکرات کے دوسرے راؤنڈکے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر خزانہ کے علاوہ ایم کیوایم کے قومی اسمبلی میں ڈپٹی پالیمانی لیڈر حیدر عباس رضوی ،عبدالرشید گوڈیل اور ایم کیوایم کے دیگر ارکان اسمبلی بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ہم نے ملکی معاشی صورتحال کی بہتری اور استحکام کیلئے میثاق معیشت کی صورت تجاویز حکومتی ٹیم کے حوالہ کردی ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ ان پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ عوام مزید ٹیکسوں کے متحمل نہیں ہوسکتے اور آر جی ایس ٹی کی صورت میں ملک میں مہنگائی کا سونامی آسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے زرعی ٹیکس،بڑے بڑے جاگیرداروں سے ٹیکس کی وصولی ،زرعی اصلاحات کرنے ،سپورٹ پرائس ختم کرنے سمیت دیگر تجاویز دی ہیں جو نہ صرف قابل عمل ہیں بلکہ ان کے نتیجے میں بالواسطہ ٹیکسوں سے عوام کو نجات ملے گی ، غریبوں پر پہلے ہی بہت ٹیکس لگے ہوئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ آئندہ اجلاس میں حکومتی ٹیم اور ہم اپنی تجاویز کے حق میں دلائل کا تبادلہ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے یہ تجاویز قبل ازیں اس وقت بھی دی تھیں جب گورنر ہاؤس کراچی میں وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ سے سارے مذاکرات ہوئے تھے ۔علاوہ ازیں حق پرست سینیٹر ز نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے ”جلسہ قومی یکجہتی “ کی تاریخی کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ ایم کیوایم ہی قائد اعظم محمد علی جناح ، شہیدملت خان لیاقت علی خان اورعلامہ اقبال کے پاکستا ن کیلئے دیکھے گئے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے سکتی ہے اور تمام قومیتوں میں نفرتوں کا خاتمہ کرکے انہیں ایک پاکستانی قوم بنا سکتی ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں جناح گراؤنڈ میں ہونے والا جلسہ قومی یکجہتی ان مظلوم قومیتوں اورمذہبی اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت بن گیا ہے جنہیں دوفیصد استحصالی طبقے نے اپنے مفادات کی تکمیل کیلئے قیام پاکستان سے ہی حقوق سے محروم کررکھا ہے ۔انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ کے پلیٹ فارم سے تمام قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے عظیم الشان اتحاد کا مظاہرہ ملک میں ظلم و زیادتی اور ناانصافیوں کے خاتمے اور غریب ومتوسط طبقے کے انقلاب کیلئے اہم سنگ میل کی حیثیت اختیار کرگیا ہے اور اب سازشی ایوانوں کو سوچ لینا چاہئے جو ملک بھر کی غریب و مظلوم قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق غضب کئے ہوئے اور انہیں ظلم و زیادتی اور ناانصافیوں کا نشانہ بنار ہے ہیں کہ اب ان کے محاسبہ کا وقت قریب آچکا ہے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.