5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مصر: 30 سالہ حکمرانی کیخلاف جاری عوامی تحریک گیارویں روز میں داخل
جنگ نیوز -
قاہرہ ... مصر میں صدر حسنی مبارک کے تیس سالہ حکمرانی کے خلاف شروع ہونے والی عوامی تحریک گیارویں روز میں داخل ہوچکی ہے۔ آج لاکھوں مصری طاقت کا دن منائینگے۔عرب ٹی وی کے مطابق لاکھوں مصری مظاہرین آج بھی قاہرہ کے آزادی چوک اور ساحلی شہر الاسکندریہ میں خیمہ زن ہیں اور کھلے آسمان کے نیچے صدر سے استعفیٰ دینے پر مجبور کے لئے طاقت کا جمعہ منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔اس دوران مصری پولیس نے آزادی چوک سے گیارہ نوجوان رہنماؤں کو اپوزیشن رہنما محمد البرادعی سے ملاقات کے بعد گرفتار کرکے نامعلوم مقام کی جانب لے گئی ہے۔جبکہ صحافیوں کو آزادی چوک کی جانب جانے سے سختی سے روک دیا ہے۔اس دوران حکومت نے پولیس اور مظاہرین کے مابین ممکنہ تصادم کے پیش نظر دار الحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں کے ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے مصری پولیس کی جانب سے صحافیوں اور مظاہرین کے خلاف بے پناہ تشدد اور طاقت کے مظاہرے پر کڑی نکتہ چینی کی اور ساتھ ہی مصری حکومت اور اپوزیشن رہنماؤوں پر حکومت کی پرامن منتقلی کے لئے مذاکرات شروع کرنے اور حکومت پر آزاد وشفاف انتخابات منعقد کرنے پر زور دیا ہے۔یاد رہے کہ صدر مبارک نے ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ وہ صدارت سے اُکتا چکے ہیں اور اب یہ عہدہ چھوڑنا چاہتے ہیں لیکن ایسا نہیں کرسکتے کیونکہ اگر انہوں نے استعفیٰ دیا تو اس سے ملک میں افرا تفری پھیل جائے گی ۔ انہوں نے تشدد کی ذمے داری اپوزیشن جماعت الاخوان المسلمون پر عائد کی ہے۔