تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

مشرق وسطیٰ میں عوامی بیداری ، عرب دنیا اور شمالی افریقہ کے حکمران خوفزدہ

جنگ نیوز -
قاہرہ ... مشرق وسطیٰ میں عوامی بیداری کے لہر نے عرب دنیا اور شمالی افریقہ کے حکمرانوں کو خوف زدہ کردیا ہے ۔ اقتدار کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھنے والے یہ نام نہاد رہنما اب اپنی غلطیوں کا اعتراف اور مستقبل میں صحیح طریقے سے کام کرنے کے وعدے کررہے ہیں ۔ الجزائر میں اپوزیشن نے بارہ فروری سے مظاہروں کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ عوامی احتجاج سے بچنے کے لئے صدر عبدالعزیز بوتفلیکا نے لوگوں کو مزید سیاسی آزادی دینے ، ملک میں19 سال سے نافذ ہنگامی حالت جلد ختم کرنے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور میڈیا کو آزادی دینے کے وعدے کئے ہیں ۔ تاہم ایمرجنسی کے خاتمے کے باوجود دارالحکومت میں مارچ پر پابندی برقرار رہے گی ۔ شمالی افریقہ کے ایک اور ملک مراکش میں بھی اپوزیشن نے اصلاحات اور حکومت کے خاتمے کے لئے بیس فروری سے پُرامن مظاہروں کا اعلان کیا ہے ۔ لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ اسے کوئی پریشانی نہیں ہے ۔ شہری اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لئے آزاد ہیں لیکن مظاہرے قومی مفادات اور آئینی اقدار کے لئے نقصان دہ نہیں ہونے چاہئیں ۔ ادھر اردن میں شاہ عبداللہ دوم نے اپوزیشن جماعت اسلامک ایکشن فرنٹ کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی ۔ صدارتی محل سے جاری بیان کے مطابق شاہ نے اعتراف کیا کہ اصلاحات کی رفتار سست ہے ۔ تاہم انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ جامع اصلاحات اور ملک کو جدید بنانے کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں گے ۔ تیونس میں مظاہروں کا سلسلہ تھم چکا ہے لیکن مفرور صدر زین العابدین بن علی کی باقیات کی صفائی کا عمل جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں تیونس کی حکومت نے سابق صدر کے مقرر کردہ تمام چوبیس علاقائی گورنروں کو ہٹادیا ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.