5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ملک کے بیشتر علاقوں میں برفباری، کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری جاری ہے ۔کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جس سے لوگ محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔ اسکردو اور استوراور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے ۔بالائی علاقوں میں مسلسل برفباری کی وجہ سے تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں اورلوگ اپنے علاقوں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں ۔ راستوں کی مسلسل بندش کے باعث بالائی علاقوں میں خوراک اور دواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے ، گلگت اور گردنواح میں موسم ابر آلود ہے ۔ہنزہ نگر میں بھی ابر آلود موسم کے ساتھ تیز ہوائیں چل رہی ہیں ۔ چترال کے بالائی علاقے لواری ٹاپ سمیت ملحقہ علاقوں میں برف باری جاری ہے ۔سوات کے شہر مینگورہ اور گردونواح میں بارش اوربالائی علاقوں کالام،مالم جبہ اور میاندم میں برف باری جاری ہے ۔شدید سردی کی وجہ سے مقامی افراد کومشکلات کا سامنا ہے ۔سردی میں اضافے کے ساتھ ہی ایندھن کے طور پر استعمال کی جانیوالی لکڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔وادی ناران میں کئی روز بعد ہلکی برفباری ہورہی ہے ۔شمالی بلوچستان کے بیشتر پہاڑی علاقوں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد ندی نالے بھرگئے اور رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔چمن میں موسم ابر آلود ہے اور بالائی علاقوں میں اب بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے ۔ مظفر آباد اور گردونواح میں گزشتہ روز سے جاری ہلکی ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بالائی علاقوں کیل،شاردہ،تاؤ بٹ اوروادی لیپہ میں برف باری کی و جہ سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔