5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈ ڈیوس کیس، ابتدائی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی
جنگ نیوز -
لاہور…دو افراد کے قتل میں ملوث امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس سے تفتیش کرنے والے پولیس کے تفتیشی آفیسر نے اپنی ابتدائی رپورٹ عدالت میں پیش کردی جس میں کہا گیا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس تفتیش میں تعاون نہیں کررہے جبکہ دوسری جانب ناجائز اسلحہ کیس میں ریمنڈ ڈیوس کی ضمانت کے خلاف سیشن کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی گئی۔ ریمنڈ ڈیوس سے تفتیش کرنے والے تفتیشی پولیس آفیسر منیر نے اپنی ابتدائی رپورٹ جج ظفر سیال کو پیش کی جس میں کہاگیا ہے کہ دو افراد کے قتل کے بعد ریمنڈ ڈیوس کی مدد کو آنے والوں کا صرف ریمنڈ ہی کو معلوم ہے لیکن وہ کچھ بتانے سے گریزاں ہے،اور ابتدائی بیان کے بعد ریمنڈ ڈیوس مزید کسی حوالے سے بات کرنے کو تیار نہیں،دوسری جانب امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کی ناجائز اسلحہ کیس میں ضمانت کو سیشن کورٹ کو چیلنج کردیا گیا، درخواست گذار آصف علی کا موقف ہے کہ پولیس نے ریمنڈ ڈیوس کو عدالتی اوقات کار سے پہلے پیش کرکے مدعیوں کو جرح کا موقع نہیں دیا: پولیس ریمنڈ ڈیوس کو بچانا چاہتی ہے،پولیس کی بد نیتی کمزور تفتیش سے ثابت ہورہی ہے،، اس سے پہلے ایک وکیل اظہر صدیق بھی ریمنڈ ڈیوس کی ضمانت کے خلاف ایسی ہی درخواست دائر کرچکے ہیں۔