تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

وفاقی کابینہ میں ممکنہ ردوبدل ، متعدد اراکین نے لابنگ شروع کردی

جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی کابینہ توڑنے اوراس میں ردو بدل کی خبروں کے بعد اسلام آباد میں قیاس آرائیوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ کئی ارکان نے لابنگ شروع کردی ہے ۔کئی وزیروں کے محکمے تبدیل کیے جانے کا امکان ہے ۔پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلِسِ عاملہ کا اجلاس شریک چیرمین صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں آج ہورہا ہے ۔ سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت اہم قومی امور غور کیا جائے گا۔سیاسی مبصرین کے مطابق صدر اور وزیر اعظم کے درمیان کابینہ میں وزرا کی تعداد کم کرنے اور وزرا کے محکمے تبدیل کرنے پر مشاورت کی گئی ہے جس کو آج کے اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی ۔اسلام آباد میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ حکومت یہ تاثربھی دینا چاہتی کہ کابینہ میں کمی کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے دباؤ میں آکر نہیں بلکہ اٹھارویں ترمیم کی روشنی میں کیا جا رہا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو منتقل ہونے والی وزارتوں کے وزیروں میں سے بعض کو برقرار رکھا جائے گا جبکہ وزرائے مملکت میں تین سے چار وزیروں کو عہدوں پر برقرار رکھنے کا امکان ہے ۔ان وزارتوں میں خارجہ،خزانہ،داخلہ اور اطلاعات و نشریات شامل ہیں ۔وفاقی وزیر پانی و بجلی راجا پرویز اشرف جو رینٹل پاور میں مبینہ کرپشن کے الزامات کے سبب اپوزیشن کے نشانہ پر ہیں ان کی وزارت تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس عہدے کے لیے سید خورشید شاہ کو پیشکش کی گئی ہے جو انہوں نے قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ۔اسلام آباد میں جن دیگر وزیروں کی وزارت تبدیل کیے جانے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں ان میں اطلاعات کے وزیر قمر زمان کائرہ کو داخلہ،وزیر قانون بابر اعوان کو اطلاعات ،جبکہ وزیر داخلہ رحمان ملک کو وفاقی وزیر کے عہدے کے برابر مراعات کے ساتھ سیاسی امور کے لیے صدر کا مشیر مقرر کیے جانے کا امکان ہے ۔بعض اہم وزرا کے محکمے برقرار رکھے جائیں گے ،جن میں وزیر خزانہ حفیظ شئخ ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر تجارت امین فہیم اور وزیر ریلوے غلام احمد بلور شامل ہیں ۔نئے وزا کے ناموں اور وزارتوں میں ردو بدل کا اعلان 36گھنٹوں میں متوقع ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.