5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
وزیر اعظم کا اسفندیارولی سے رابطہ،کابینہ کے حوالے سے اعتماد میں لیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پیپلزپارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے حکومتی اتحادی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کا آغاز کردیاہے ، انہوں نے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی اور پارلیمانی گروپ فاٹا کے سربراہ منیر اورکزئی کو ٹیلیفون کر کے نئی کابینہ سمیت دیگرفیصلوں پر اعتماد میں لیا ۔ذرائع نے جیونیوز کو بتایا کہ وزیراعظم نے موجودہ کابینہ توڑ کر چھوٹی کابینہ تشکیل دینے کے فیصلے سے آگاہ کرنے کے لیے سب سے پہلے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کو ٹیلے فون کیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ اے این پی کے سربراہ نے پارٹی مشاورت کے بعد وزیر اعظم کو جواب دینے کے لیے وقت لیاہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم نے فاٹا کے پارلیمانی سربراہ منیر اورکزئی سے بھی ٹیلے فون پر رابطہ کرکے پارٹی فیصلوں سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہناہے وزیراعظم جلد ہی جے یو آئی ف کے مولانا فضل الرحمان ، ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے علاوہ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف سے بھی رابطے کریں گے ۔