5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
غلط کام کرنے والے پارٹی کے ساتھی ہیں نہ ہی ملک کے، جاوید ہاشمی
جنگ نیوز -
ملتان…مسلم لیگ )ن( کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جو لوگ غلط کام کر رہے ہیں وہ نہ پارٹی کے ساتھی ہیں نہ ہی ملک کے ساتھی ہیں۔یہ بات مخدوم جاوید ہاشمی نے ملتان آرٹس کونسل میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران کہی ان کا کہنا تھا کہ اصولوں کے لئے جنگ لڑیں گے اور قبضہ گروپ سے جلد جان چھڑوا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے جو10 نکاتی ایجنڈہ دیا ہے وہ قومی ایجنڈہ ہے جس پر ملک کی تمام پارٹیز متفق ہوئیں کیونکہ اسی میں پاکستان کی بقا کا ایجنڈہ ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام کے ساتھ اب دھوکہ بند ہونا چاہیے، ہمارے ملک میں لوہے اور کوئلے کی کانیں ہیں جو 2 سو سال تک بجلی اور توانائی کی ضرورت کو پورا کر سکتی ہیں لیکن یہ ذخائر اس وقت کام آئیں گے جب ہم پاکستان کے بارے میں سوچنا شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو ملتان میں لائیں گے اور ترقیاتی کاموں کے نہ صرف منصوبے لائیں گے بلکہ عمل درآمد بھی کروائیں گے ۔