5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
گلگت بلتستان کے نمائند ہ وفد کی نائن زیرو آمد، رابطہ کمیٹی سے ملاقات
جنگ نیوز -
کراچی …گلگت بلتستان (دیامیر )سے تعلق رکھنے والے نمائند ہ وفد نے حاجی عبد العزیز کی سربراہی میں خورشید بیگم میموریل ہال عزیز آباد کا دورہ کیا اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین واسع جلیل اور گلفراز خان خٹک سے ملاقا ت کی ۔ وفد کے اراکین میں مو لانا باری ، حبیب الرحمان ،حما یت اللہ ، مبشر حسین ،حاجی مجد میر اور محمد مشتاق بلیر خان شامل تھے۔ ا س موقع پر ایم کیوایم گلگت بلتستا ن کمیٹی کے ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ملاقات میں وفد کے اراکین نے رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم غریب و متوسط طبقے کی نمائند ہ جماعت ہے جو ملک بھر میں مظلوم و محکوم عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی او ر مخلصانہ جدوجہد کررہی ہے،انھوں نے ایم کیو ایم کے اس اقدام کو سراہا اور کہاکہ ایم کیوایم آنیوالی نسلوں کی بقاء و سلامتی کیلئے ملک میں انقلاب کی علامت بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش مسائل کا حل ایم کیوایم کے علاوہ کسی اور جماعت کے پاس موجود نہیں ۔ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے وفد کے اراکین کی گفتگو کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ایم کیوایم گلگت بلتستان سمیت دیامیر کے عوام کے مسائل کیلئے سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں ایم کیوایم کے حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے وفاق میں انکے مسائل کے لئے آواز کو بلند کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گلگت بلتستان سمیت دیامیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہر ہ کریں اور اس کے حل کیلئے مثبت اور ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔وفد کے اراکین نے قائد تحریک الطاف حسین پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب گلگت بلتستان سمیت دیامیر کے حق پرست غیور عوام ایم کیوایم کے پرچم تلے متحد و منظم ہوکر اپنے حقو ق کیلئے جدوجہد کرینگے ۔واسع جلیل اور گلفراز خان خٹک نے وفد کے اراکین کے خیالا ت کو سراہتے ہوئے قائد تحریک الطاف حسین اور اپنی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔ بعدازں رابطہ کمیٹی کے اراکین واسع جلیل اورگلفراز خان نے وفد کے اراکین کو خورشید بیگم میموریل ہال عزیز آباد آمد انکا شکریہ ادا کیا اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔