5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
سیریز کا آخری میچ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 311رنز کاہدف دیدیا
جنگ نیوز -
آکلینڈ ... پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا چھٹا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ اس وقت آکلینڈ میں جاری ہے۔نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں پر تین سو گیارہ رنز بنائے ، قومی ٹیم کو سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔آکلینڈ میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے جیت کر میزبان ٹیم کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان ٹیم میں مصباح الحق اور وہاب ریاض کی جگہ اسد شفیق اور سہیل تنویر کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستانی بالرز شعیب اختر اور سہیل تنویر نے اننگز کے آغاز میں اچھی بالنگ کا مظاہرہ کیا ۔ قومی ٹیم کو پہلی کامیابی چوتھے اوور میں حاصل ہوئی۔ برینڈن مکلم 12 رنز بنا کر سہیل تنویر کا شکار بنے۔ پہلی وکٹ جلد گر جانے کے بعد مارٹن گپٹل اور جیسی رائڈر نے جارہانہ انداز اپناتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا۔ جیسی رائیڈر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف34 گیندوں پر 4 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔پاکستان کو اننگز کی دوسری کامیابی 25ویں اوور میں ملی، جب عبدالرزاق کی بالنگ پر اوپنر مارٹن گپٹل 44 رنز بنا کر آوٹ فیلڈ میں کیچ دے بیٹھے۔ اسکے بعد آنے والے بیٹسمن کپتان راس ٹیلر بھی جلد پولین واپس لوٹ گئے۔ ٹیلر کو رزاق نے 5 کے انفرادی اسکور پر آوٹ کیا۔ جیمز فرینکلن8 رنز بنا کر شعیب اختر کا پہلا شکار بنے۔ لیکن دوسرے اینڈ سے جیسی رایئڈر کی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ رایئڈر نے 82 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چھکوں اور سات چوکو ں کی مدد سے اپنے کیرئر کی دوسری سنچری مکمل کی۔ لیکن اس کے ساتھ ہی وہ 107 کے انفرادی اسکور پر آوٹ فیلڈ میں کیچ دے بیٹھے۔ آخری اوورز میں اسکاٹ اسٹائرس اور نیتھن مکلم نے چھٹی وکٹ پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، دونوں بیٹسمن اپنی نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے اور نیوزی لینڈ کا اسکور مقررہ پچاس اوورز میں311 رنز تک پہنچا دیا۔ پاکستان کی جانب سے عبدالرزاق اور محمد حفیظ نے دو دو جبکہ شعیب اختر اور سہیل تنویر نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔