5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ایرانی قو نصل جنرل کی نائن زیرو آمد،ارکان رابطہ کمیٹی سے ملاقات
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی میں متعین ایرانی قو نصل جنرل عباس علی عبد الحئی نے فرسٹ قونصل سیّد حسن علوی کے ہمراہ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد کا دورہ کیا اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار ،اراکین رابطہ کمیٹی محترمہ نسرین جلیل اورکنور خالد یونس سے ملاقات کی ۔اس موقع پر ایم کیوایم کی جانب سے قومی اسمبلی میں حق پرست ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حیدر عباس رضوی اورحق پرست صوبائی وزیر سیّد فیصل علی سبزواری ،بھی موجودتھے ۔ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی ، معاشی ،اقتصادی صورتحال پر تفصیلی با ت چیت ہوئی ۔ ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر نے قو نصل جنرل عباس عبد الحئی سے مزید تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے مثبت کردار ضروری ہے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں پائیدار امن سمیت تجارتی ،کاروباری سر گرمیوں کو وسعت دینے اورباہمی دلچسپی کے دیگر امور پر زور دیا گیا ۔اس دوران قونصل جنرل نے موجودہ حکومت میں جمہوری عمل اور ملک میں قیام امن اور سلامتی کیلئے ایم کیوایم کی جانب سے کی جانے والی عملی کوششوں کو سراہاتے ہوئے اس عمل کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے انتہائی اہم قرار دیا ۔بعدازاں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے ایرانی قونصل جنرل و دیگر کی نائن زیر و آمد پر انکا شکر یہ ادا کیا ۔قبل ازیں قو نصل جنرل کی نائن زیرو آمد پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے انکا استقبال کیا۔