5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ہمارے ہاں فٹبال کو اسکا اصل مقام نہ مل سکا،شعیب صدیقی
جنگ نیوز -
کراچی …فٹ بال کا کھیل دنیا کا سب سے بڑا کھیل بدقسمتی سے ہمارے یہاں کھلاڑیوں کو اتنے وسائل مہیا نہیں کئے جاتے کہ وہ آگے آئیں اور اس کھیل میں اپنا اور ملک کا نام روشن کریں۔ اس بات کا اظہار سیکرٹری سندھ اسپورٹس شعیب احمد صدیقی نے ملیر فٹ بال اسٹیڈیم سعود آباد میں فٹ بال کوچز کیمپ کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت فٹ بال کی ترقی کیلئے کوشاں ہے، ہم نوجوان کھلاڑیوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ سے ذہین بچوں کو نکال کر پی ایف ایف سے بھی درخواست کی جائے گی کہ انہیں قومی کیمپ میں شامل کیا جائے تاکہ ان کا ٹیلنٹ نکھر کر سامنے آئے اور یہ قومی ٹیم کا حصہ بن سکیں۔ اس موقع پر مشیر ربانی، کوچز احمدعلی واسطی، محمد بخش، لطیف بلوچ، عارف رحمت اللہ، عتیق رحمت اللہ، حاجی سرفراز ، شاہ ریاض الدین اور سلیم صدیقی بھی موجود تھے۔ شعیب صدیقی نے کیمپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تین ہفتے جاری رہنے والے کیمپ میں 51 بچوں نے شرکت کی جنہیں تین ٹیموں میں تقسیم کرکے ان کے میچز کرائے گئے۔ دریں اثناء کراچی فٹبال لیگ میں شہزاد محمڈن ملیر اور نیشنل آفریدی بلدیہ ٹاوٴن کا مقابلہ مقررہ وقت میں 1-1سے برابر ہوگیا۔ شہزاد محمڈن کیلئے فضل بلوچ اور نیشنل آفریدی کا گول کاشف بلوچ نے اسکور کیا۔گروپ ”بی“ میں دونوں ٹیموں نے اپنے 8,8میچزمکمل کرلیے۔ شہزاد محمڈن کی 14پوائنٹس کے ہمراہ تیسری جبکہ نیشنل آفریدی کے 11پوائنٹس کے ساتھ 7ویں پوزیشن ہے۔ بلوچ مجاہد اسٹیڈیم ابراہیم حیدری پر کھیلے گئے میچ میں نیشنل آفریدی کے اسٹرائیکر کاشف بلوچ نے 8ویں منٹ میں ہی ایک انتہائی خوبصورت گول بنا کر اپنی ٹیم کو پہلے برتری دلادی تھی لیکن یہ برتری صرف 5منٹ برقرار رہ سکی اور 13ویں منٹ میں فضل بلوچ نے شہزاد محمڈن کے گول کا قرض اتار کرمقابلہ 1-1سے برابر کردیا۔ مقررہ دورانیہ میں کسی ٹیم کو برتری حاصل نہ ہوسکی اور 1-1سے مقابلہ برابر ہونے کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کے حصے میں ایک ایک پوائنٹ آیا۔