5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مصر میں تبدیلی کا وقت ہے ، اخوان کو اکثریت کی حمایت حاصل نہیں،اوباما
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکی صدر اوباما کا کہنا ہے کہ مصر میں اب تبدیلی کا وقت ہے اور اخوان المسلمون کو اکثریت کی حمایت حاصل نہیں ۔ ادھر مصری اپوزیشن رہنما محمد البرادعی نے بحران کے متعلق امریکا کے موقف کو غیر واضح اور مایوس کن قرار دیا ہے ۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں صدر اوباما نے کہا کہ مصری حکومت کو اقتدار کی منتقلی کا عمل اب شروع کرنا ہوگا ۔ صدر حسنی مبارک کی اقتدار سے فوری علیحدگی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ صرف یہ جانتے ہیں کہ حسنی مبارک آئندہ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے اور ان کے عہدے کی مدت اس سال ختم ہورہی ہے ۔ صدر اوباما نے کہا کہ اخوان المسلمون کے نظریات امریکا مخالف ہیں ۔ اسے اکثریت کی حمایت حاصل نہیں ہے ۔ لیکن یہ تنظیم اچھی طرح منظم ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے صحافیوں سے گفت گو میں کہا کہ حسنی مبارک کی اقتدار سے جلد علیحدگی کے نتیجے میں انتخابی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں ۔ دوسری جانب مصری رہنما محمد البرادعی نے مصر کے بحران پر امریکا کے غیر واضح موقف پر تنقید کی ہے ۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حسنی مبارک کو صدر اوباما کا پیغام پہنچانے والے سابق سفیر فرینک وائزنر کے حالیہ بیان سے مصر میں ابہام اور مایوسی پیدا ہوئی ہے ۔