5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
فہیم کی بیوہ شمائلہ کی خود کشی،الطاف حسین کا واقعہ پر افسوس کا اظہار
جنگ نیوز -
لندن ... متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لاہور میں امریکی اہل کار ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان فہیم کی بیوہ شمائلہ کی خود کشی پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا یہ امرانتہائی افسوسناک ہے کہ امریکی اہل کارکی فائرنگ سے جاں بحق نوجوانوں کے ورثا کوانصاف فراہم کرنے کے بجائے ان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے ۔ اس عمل سے مایوس ہو کر مقتول فہیم کی بیوہ شمائلہ نے خود کشی کرلی جبکہ دوسرے جاں بحق نوجوان فیضان کے لواحقین بھی انصاف نہ ملنے پر خودکشی کی دھمکی دے رہے ہیں ۔ الطاف حسین نے شمائلہ کے لواحقین سے دلی افسوس اور گہرے رنج وغم کااظہارکیا ۔ الطاف حسین نے امریکی اہلکارکے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین اورمتاثرہ خاندانوں کے ایک ایک فرد سے مکمل یک جہتی اور ہمدردی کا اظہارکیا ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں پر کوئی دباؤ ڈالنے کے بجائے انہیں انصاف فراہم کیاجائے اور اس سلسلے میں تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے کئے جائیں ۔