29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ٹور ڈی پاکستان سائیکل ریس:واپڈا نے پہلا مرحلہ جیت لیا
جنگ نیوز -
کراچی…شکیل یامین کانگا … واپڈا کے صابر علی نے ٹور ڈی پاکستان سائیکل ریس کا پہلا مرحلہ جیت لیا۔ پاکستان آرمی کے محمد رفیق دوسرے اور واپڈا کے ہی محمد ابراہیم تیسرے نمبر پر رہے۔ مزار قائد سے سائیکل ریس کا آغاز صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کیا۔ اس موقع پر ای ڈی او سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ریحانہ سیف، سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ادریس حیدر خواجہ، ایم ایم مہدی، گلفراز خان، حاجی اسلم اور حبیب جان نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب کی نظامت حاجی غلام محمد خان نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔ کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ریس کے اختتام پر ایبٹ آباد میں انہیں تحائف پیش کئے جائیں گے۔ ریس میں صرف افغانستان کے پانچ سائیکلسٹ شریک ہوئے ہیں۔ ریس کے آغاز سے قبل پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے چار پانچ ممالک کی شرکت کی تصدیق کی تھی۔ کراچی سے حیدرآباد کے پہلے مرحلے میں موٹر وے پولیس نے شاندار انتظامات کئے اور سہراب گوٹھ سے حیدرآباد تک ایک روڈ مکمل طور پر سائیکل ریس کیلئے مختص کیا اور کسی قسم کے ٹریفک کیلئے اسے بند کردیاگیا تھا۔ سائیکلسٹ اطمینان سے بغیر کسی حادثے کا شکار ہوئے حیدرآباد پہنچے جہاں مقامی عہدیداروں نے سائیکلسٹوں کا شاندار استقبال کیا۔ محمد صابر نے مقررہ فاصلہ چار گھنٹے 26 منٹ اور 14 سیکنڈ میں طے کرکے پہلی۔ محمد رفیق نے چار گھنٹے 26 منٹ اور 24 سیکنڈ میں دوسری اور محمد ابراہیم نے چار گھنٹے 26 منٹ اور 34 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائیکلسٹ گرمی اور تیز ہوا مخالف ہونے کی وجہ سے پریشانی کا شکار رہے۔ حیدرآباد میں سندھ اسپورٹس بورڈ ریسٹ ہاؤس میں ایک دن گزارنے کے بعد بدھ کی صبح نو بجے سائیکلسٹ مورو کیلئے روانہ ہوں گے۔ ٹور ڈی پاکستان سائیکل ریس میں 58 سائیکلسٹ حصہ لے رہے ہیں۔ سائیکل ریس گیارہ مرحلوں پر مشتمل ہوگی جو کراچی، حیدرآباد، مورو، سکھر، ریحم یار خان، بھالپور، ملتان، ساہیوال، لاہور، گجرات، راولپنڈی سے ہوتی ہوئی 20 مارچ کو ایبٹ آباد میں اختتام پذیر ہوگی۔