29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
طلباء کی ذہنی و جسمانی تربیت دونوں لازم و ملزوم ہیں،معید فاروقی
جنگ نیوز -
کراچی…حق پرست ممبر صوبائی اسمبلی عبد المعید فاروقی نے کہا ہے کہ طلباء کی ذہنی و جسمانی تربیت کیلئے تعلیم اور غیر نصابی سرگرمیاں دونوں لازم و ملزوم ہیں۔ غیر نصابی سرگرمیوں کے انعقاد سے طلباء کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاسکتا ہے اور اس سلسلے میں اے پی ایم ایس او اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے ،اے پی ایم ایس او قائد تحریک الطاف حسین کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ طلباء کی امیدوں پر پورا اتری ہے۔ ان خیالات کا اظہارعبدالمعید فاروقی نے آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن، سیکٹر بی کے تحت نذیر حسین ینگ فائٹر گراؤنڈبلاک Jمیں ہونے والے تیسرے ” شہدائے حق “ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے پی ایم ایس او کے مرکزی فنانس سیکریٹری نعمان سمیع خان و رکن مرکزی کابینہ امر قائمخانی ، سیکٹر و یونٹ کے ذمہ داران، اساتذہ کرام، کارکنان اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔قبل ازیں اے پی ایم ایس اوکے فنانس سیکریٹری نعمان سمیع خان نے شہدائے حق کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایم ایس او ہر سال طلباء کیلئے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کرتی رہتی ہے اور یہی اے پی ایم ایس او کی روایت ہے ۔انھوں نے کہا کہ اے پی ایم ایس او کے پلیٹ فارم سے ایسی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد طلباء دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے ۔ ہمارے معاشرے کے نوجوانوں میں بہت صلاحیتیں موجود ہیں مگر انکی صلاحیتوں کو نہ تو اجاگر کیا جاتا ہے اور نہ ہی ان سے استفادہ حاصل کیا جاتا ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ جن نوجوانوں میں صلاحیت موجود ہے انھیں مواقع فراہم کرکے انکی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لائیں اور ان سے استفادہ حاصل کریں ۔اے پی ایس او ہی ملک کی وہ واحد طلباء تنظیم ہے جو ملک کی تمام لسانی اکائیوں کے اتحاد کی عکاسی کرتی ہے اور طلبہ و طالبات کی علمی و ادبی معاونت کیلئے ہر دم انکے ساتھ موجود رہتی ہے۔ علاوہ ازیں انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ مستقبل میں بھی اے پی ایم ایس او طلباء کو ایسے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔