29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پشاور: نمازجنازہ کے دوران خودکش دھماکا، 20افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
پشاور… پشاور کے نواحی علاقے ادیزئی میں نماز جنازہ کے دوران خودکش دھماکا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس دھماکے میں کم از کم 20افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔درہ آدم خیل سے متصل ادیزئی میں قبائلی امن لشکر کے رہنما کی اہلیہ کی نماز جنازہ ادا کی جارہی تھی، جس میں امن لشکر کے درجنوں رضا کار اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ایس ایس پی آپریشنز پشاور کے مطابق دھماکے کا ہدف امن لشکر کے رضا کار تھے۔ امدادی ٹیمیں اور پولیس حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ پشاور میں اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ڈی سی اوپشاور سراج احمد کے مطابق دھماکا خودکش تھا۔ اس علاقے میں پہلے بھی کئی مرتبہ دہشت گردی کی کارروائیاں ہوچکی ہیں، جس کے سدباب کیلئے امن لشکر تشکیل دیا گیا تھا۔ادیزئی پولیس کا عمل دخل نہ ہونے کے برابر ہے اور تمام سکیورٹی انتظامات لشکر کے رضا کار خود سنبھالتے تھے۔