تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

پشاور: ادیزئی میں نماز جنازہ کے دوران خودکش دھماکا، 34افراد جاں بحق

جنگ نیوز -
پشاور…پشاور کو آج ایک بار پھر دہشت گردی کانشانہ بنایا گیا، نواحی علاقے ادیزئی میں ہونیوالے خود کش دھماکے میں34افراد جاں بحق اور42زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس وقت ہوا جب امن لشکر کے راہ نما کالام خان کی بہو کی نماز جنازہ ادا کی جا رہی تھی۔ اس دوران ایک نوجوان خود کش حملہ آور صفوں میں گھسااور خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد اس مقام پر افراتفری پھیل گئی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ25 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے،زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق جنازے کے موقع پر پولیس سکیورٹی کا انتظام نہیں تھا۔ امن لشکر کے رہنما نے جیو نیوز کو بتایا کہ مسلسل دھمکیاں مل رہی تھیں اورا س سلسلے میں پولیس کو آگاہ بھی کر دیا گیا تھا، تاہم امن لشکر کی کوئی مدد نہیں کی گئی۔ دھماکے کے بعد پاکستان آرمی کے دستے نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ گذشتہ چھ دنوں میں پشاور کے نواح میں ہونیوالا یہ دوسرا دھماکا ہے۔ اس سے پہلے جمعہ کے روز اکبر پورہ کی مسجد میں ہونیوالے دھماکے میں دس افراد جاں بحق ہو ئے تھے۔ ادیزئی میں بھی اس وقت دھماکا کیا گیا جب نماز جنازہ ادا کی جا رہی تھی۔ دھماکوں کے بعد پولیس کی جانب سے شہر کی سکیورٹی میں اضافے کا دعویٰ کیا گیا ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ ادیزئی کے امن لشکر کو شدت پسندوں کیخلاف رکاوٹ بننے کیلئے مدد کیوں نہیں کی جا رہی۔ دھماکے کے بعد جائے وقوع سے ملنے والے ایک بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.