29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
حکومت اپریل تا جون بجلی کے نرخوں میں6 فیصد اضافے کی خواہاں
جنگ نیوز -
کراچی …حکومت اپریل سے جون تک بجلی کے نرخوں میں6 فیصد اضافے کا ارادہ رکھتی ہے جو آئی ایم ایف کی تجویز کردہ شرائط میں سے ایک ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں6 فیصد اضافہ متوقع ہے، جوعالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے دیئے گئے قرض کے عوض تجویز کردہ شرائط کا حصہ ہے۔حکومت اپریل سے جون تک ہر مہینے بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار 2 فی صد یا پھر یکدم6 فی صد اضافہ کرسکتی ہے۔ حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا مقصد توانائی کے شعبے اربوں روپے کی سبسڈی کا مکمل خاتمہ ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں24 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا گیا تھا،جس میں سے18 فیصد اضافہ کیا جاچکا ہے، لیکن ملک میں امن و امان کی صورتحال اوردیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے ممکنہ کشیدگی کے سبب حکومت، آئی ایم ایف سے کچھ چھوٹ کا مطالبہ کر رہی ہے۔ کیونکہ حال ہی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو دیگر جماعتوں سے مخالفت کا سامنا کرناپڑا تھا۔