29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی میں چار مبینہ دہشت گردگرفتار،اسلحہ اوردھماکا خیز موادبرآمد
جنگ نیوز -
کراچی....کراچی میں سی آئی ڈی نے کارروائی کر کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چارمبینہ دہشت گردوں کو گرفتارکر لیا اور ان کی نشاندہی پر بھاری مقدارمیں دھماکا خیزمواد اوراسلحہ برآمد کر لیاگیا۔حکام کے مطابق ملزمان سہراب گوٹھ سمیت کراچی کے کئی علاقوں میں خود ساختہ شرعی نظام جبراً نافذ کرناچاہتے تھے۔سی آئی ڈی حکام کے مطابق فرنٹیئر کالونی میں بڑا قبرستان کے قریب چھاپہ مار کر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چارمبینہ دہشت گردوں مشرف، شیر زلی، احمد علی اور حمید اللہ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے22کلو وزنی خود کش جیکٹ،10 کلوگرام دھماکا خیز مواد، تین دستی بم، ایک اسموک بم، ڈیٹونیٹر، ڈیٹونیٹنگ وائر،تین کلاشنکوف اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔سی آئی ڈی حکام کے مطابق ملزمان وزیرستان اور کراچی میں ہونے والی دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں مطلوب تھے جبکہ حالیہ دنوں میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔ملزمان کے دیگر تین ساتھی تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔