29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
حکومت میڈیا پر پابندیاں لگانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی:وزیر اعظم
جنگ نیوز -
اسلام آباد...وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ حکومت میڈیا پر پابندیاں لگانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، آزادی اظہار کے خلاف گذشتہ دور کے کالے قوانین ختم کر دیے جب کہ میڈیا کی آزادی اور ترقی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ وزیراعظم گیلانی سے جنوبی پنجاب سے میڈیا نمائندوں نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ میڈیا کاکردار ملکی امیج کے لیے اہم ہے اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے آزاد میڈیا کا ہونا ضروری ہے ، میڈیا کی ترقی اور اسے سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزارت اطلاعات کو خصوصی ٹاسک دیاگیاہے انہوں نے وفد کی جانب سے پیش کردہ مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی ۔