29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
فوج اورعدلیہ کوسیاست میں مداخلت کاحق نہیں دے رہے،احسن اقبال
جنگ نیوز -
اسلام آباد...پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی ترجمان احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی تجویز کے ذریعے فوج اور عدلیہ کو سیاست میں مداخلت کا حق نہیں دیاجارہا بلکہ ان اداروں سے ضمانت لی جائے گی کہ وہ اپنی حدودسے تجاوزنہیں کریں گے۔ اسلام آبادمیں نیوزکانفرنس میں احسن اقبال کاکہناتھاکہ سقوط ڈھاکہ سمیت ملک میں گزشتہ تمام بحرانوں کی وجہ فوج کی سیاست میں مداخلت ہے، آئین کے تحت فوج،عدلیہ،انتظامیہ اور وفاق ملک کے فریق ہیں اس لئے موجودہ مسائل کے حل کے لئے ان سب اداروں کو مل کر قومی ایجنڈا تشکیل دینا چاہئے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم کی طرح فوج کو مارشل لا کی دعوت نہیں دی اور نہ کسی محب وطن جرنیل کو پکارا ہے۔ احسن اقبال کاکہناتھاکہ وزیر قانون کی جعلی ڈگری کا قصور ہے جو سمجھ نہیں پائے اورانہوں نے کہ کہاکہ مسلم لیگ ن ملک میں عدالتی مارشل لا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اداروں میں سیاسی بنیادوں پرتعیناتیاں ختم نہ کی گئیں توانتظامیہ کاگھیراوکیاجائے گا۔