29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
تبدیلی کیلئے مظاہرے نہیں مذاکرات بہترین راستہ ہیں ،سعودی وزیر خارجہ
جنگ نیوز -
ریاض...…سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعود الفیصل نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی کیلئے مظاہرے نہیں مذاکرات بہترین راستہ ہیں ۔ سعودی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ باہر سے اٹھنے والی کسی بھی انگلی کو کاٹ دیا جائے گا ۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان پی جے کرولی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ سعودی عوام کو پُرامن احتجاج کا حق ہے ۔ اس بیان پر دارالحکومت ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران جب سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل سے سوال کیا گیا تو انھوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ غیرملکی ریاستیں سعودی عرب کے داخلی معاملات میں مداخلت نہ کریں ۔ وزیر خارجہ سعود الفیصل کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں تبدیلی باہر سے نہیں بلکہ سعودی عوام کے ذریعے ہی آئے گی ۔ انھوں نے خبردار کیا کہ باہر سے آنیوالی کسی بھی انگلی کو کاٹ دیا جائے گا ۔وزیر خارجہ سعود الفیصل نے کہا کہ اصلاحات کا مطالبہ مظاہروں سے نہیں کیا جانا چاہیے ۔ علما کرام بھی قرآن و سنت کے منافی ان مظاہروں کو مسترد کرچکے ہیں ۔