29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
میکسیکو کے کارلوس سلم74 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ سرفہرست
جنگ نیوز -
نیویارک…معروف جریدے فوربس نے دنیا کے امیر ترین افراد کی نئی فہرست جاری کردی ہے، میکسیکو کے کارلوس سلم ارب پتیوں کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر رہے۔امریکی جریدے فوربس کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق میکسیکو کے کارلوس سلم کو74 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیاکے سب سے دولت مند فرد ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اس سال بھی دوسرے نمبر پر ہیں جن کی دولت کا تخمینہ56 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔2008 میں دنیا کی امیر ترین شخصیت وارن بفے اس سال50 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ فہرست کے ابتدائی دس افراد میں دو بھارتی بھی شامل ہیں۔ اسٹیل میگنٹ کے نام سے مشہور لکشمی نارائن متل31.1 ارب ڈالر کے مالک ہیں اور اس فہرست میں ان کا چھٹا نمبر ہے جبکہ مکیش امبانی فہرست میں9 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔