29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پشاور : ادیزئی میں خود کش دھماکے کے دوسرے دن فضا انتہائی سوگوار
جنگ نیوز -
پشاور…پشاور کے نواحی علاقہ ادیزئی میں خود کش دھماکے کے دوسرے دن فضا انتہائی سوگوار ہے۔ تیس سے زیادہ افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ جاں بحق ہونیوالوں کے گھروں پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ واقعہ کی تحقیقات کیلئے چار رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ادیزئی میں گذشتہ روز اس وقت خود کش حملہ اور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جب امن لشکر کے راہ نما کی اہلیہ کی نماز جنازہ ادا کی جا رہی تھی۔دھماکے میں 37 افراد جاں بحق ہوئے۔ تیس مقامی افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کے گھروں لوگوں کی بڑی تعداد فاتحہ خوانی کیلئے آ رہی ہے۔دوسری طرف خیبر پختون خوا پولیس نے واقعہ کی تفتیش کیلئے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ واقعہ کی ایف آئی آرتھانہ متنی میں درج کر لی گئی ہے۔ جس میں17مقامی شدت پسندوں کو نامزد کیا گیا ہے۔