29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی: دبئی میں فراڈکیس میں مطلوب گرفتار صنعتکار12گھنٹے بعدرہا
جنگ نیوز -
کراچی … انٹرپول کو مبینہ طور پر دبئی میں فراڈ کیس میں مطلوب پاکستانی صنعت کار افروز عالم لاری کو گرفتار ی کے12 گھنٹے بعد صنعت کاروں کے احتجاج اور ہڑتال کی دھمکی کے بعد رہا کردیا گیا۔کراچی پولیس کے اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کے عملے نے گذشتہ روز کراچی میں ناردرن بائی پاس کے قریب سے مقامی ٹیکسٹائل ملزم کے مالک افروز عالم لاری کو گرفتار کیا تھا۔ اے وی سی سی کے ایس پی فاروق اعوان نے گذشتہ رات ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی پولیس کے مطابق ملزم افروز عالم لاری دبئی میں ڈھائی کروڑ درہم سے زائد کے فراڈ میں ملوث تھا جسے2009 میں دبئی میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ جہاں سے وہ اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ فرار ہوکر لانچ کے ذریعے کراچی پہنچا جس پر یو اے ای حکام کی جانب سے رابطہ کرنے پر اس کی گرفتاری کیلئے انٹر پول نے ریڈ وارنٹ جاری کیا تھا۔ پولیس کے مطابق اسے آج متعلقہ ادارے کے ذریعے انٹرپول کے حوالے کیا جانا تھا مگر صنعت کاروں نے گرفتاری کیخلاف گارڈن پولیس ہیڈ کواٹر میں واقع اے وی سی سی کے دفتر کا گھیراؤ کرلیا اور افروز عالم کو رہا نہ کرنے کی صورت میں کراچی کے سائٹ ایریا، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، کورنگی اور فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں صنعتیں بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔ یہ احتجاج رات بھر جاری رہا۔ تاہم اعلیٰ حکام کی مبینہ ہدایت پر اسے آج صبح سویرے رہا کردیا۔ رہائی کی وجوہات جاننے کیلئے جیو نیوز کے رابطہ کرنے کے باوجود اے وی سی سی حکام سے بات نہیں ہوسکی جبکہ پر ڈی آئی جی انوسٹی گیشن افتخار تارڑ نے اس گرفتاری کے حوالے سے اپنا موقف دینے سے انکار کردیا ہے۔