29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بینک سے تنازع: وزیراعظم کے سابق میڈیاایڈوائزر کے وارنٹ گرفتاری جاری
جنگ نیوز -
راولپنڈی …احتساب عدالت نے موجودہ وزیراعظم کے سابق میڈیا ایڈوائزر خرم رسول کے پھر وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں جبکہ راول پنڈی کی دو احتساب عدالتوں میں ججز کو تبدیل بھی کردیا گیا ہے۔ راول پنڈی کی احتساب عدالت نمبر تین نے بینک سے لین دین کے ایک تنازع کے مقدمہ میں خرم رسول کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ، اس سے پہلے عدالت کو بتایا گیا کہ جس ایڈریس پر پہلے وارنٹ جاری ہوئے خرم رسول اس پر نہیں ملے ، اس پر عدالت نے اسلام آباد کے علاقہ چک شہزاد کے ایک پتے پر دوبارہ وارنٹ جاری کردیئے۔دوسری طرف شہر میں قائم احتساب عدالتوں میں سے دو کے ججوں کو تبدیل بھی کردیا گیا ہے ، عدالت نمبر2 میں وامق جاوید کی جگہ میاں الطاف حسین کو مقرر کیا گیاجبکہ احتساب عدالت نمبر3 میں نجم الحسن کی جگہ جہاں دار خان کو مقرر کیا گیا ہے ، نئے ججوں نے آج سے چارج سنبھال کر کام کرنا بھی شروع کردیا ہے ۔