29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
رواں مالی سال کاروں کی فروخت میں اضافہ اور بسوں کی فروخت میں کمی ریکارڈ
جنگ نیوز -
کراچی…رواں مالی سال اب تک ٹرکوں اور بسوں کی فروخت میں 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ جولائی سے فروری تک ملک میں کاروں کی فروخت 12 فیصد بڑھ گئی۔پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسو سی ایشن کے اعدا دوشمار کے مطابق ٹرکوں کی فروخت22. 84 فیصد کمی کے ساتھ ایک ہزار784 یونٹس جبکہ بسوں کی فروخت 16.64 فیصد کمی کے ساتھ صرف 340 یونٹس رہی۔ ملک میں گذشتہ کئی سالوں سے مسلسل اضافی فروخت کے حامل ٹریکٹروں کی فروخت بغیر کسی کمی بیشی کے45 ہزار519 یونٹس جبکہ ، موٹر سائیکل اور رکشوں کی فروخت میں 11.90 فیصد اضافے کے ساتھ پانچ لاکھ کا ہدف عبور کرتے ہوئے پانچ لاکھ26 ہزار509 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔ رواں مالی سال جولائی سے فروری تک ملک میں کاروں کی فروخت 12 فیصد بڑھ گئی۔پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسو سی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران کاروں کی مجموعی فروخت11. 89 فیصد اضافے کے ساتھ84 ہزار 225 یونٹس رہی۔ اس دوران 1300 سی سی اور اس سے زائد کاروں کی فروخت 12.33 فیصد اضافے کے ساتھ40 ہزار 592 یونٹس رہی، 1000 سی سی کی کاروں کی فروخت 1.53 فیصد کمی کے بعد 14 ہزار 357 یونٹس رہی، اس عرصے کے دوران آٹھ سو سی سی یا اس سے چھوٹی کاروں کی فروخت میں سب سے زائد 19 .21 فیصد اضافہ ہوا اور اان کاروں کی کل فروخت 29 ہزار 276 یونٹس رہی۔