تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

سپریم کورٹ کا حکم،چیئرمین نیب نے عہدے کا چارج چھوڑدیا

جنگ نیوز -
اسلام آباد…پانچ ماہ تکچیئرمین نیب کے عہدے پر رہنے والے جسٹس ریٹائرڈ دیدار حسین شاہ نے عدالتی فیصلے کے بعد چارج چھوڑ دیاہے ۔اور افسران سے الوادعی ملاقات کرکے نیب کے دفتر سے روانہ ہوگئے ۔آج سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ دیدار حسین شاہ کی تقرری کو غیر آئینی اور غیر قانونی قراردے دیا ہے ۔ سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں جسٹس محمد راجا فیاض اور جسٹس آصف سعید کھوسہ پر مشتمل بینچ نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ دیدار حسین شاہ کی تقرری کے خلاف اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار اورشہری شاہد اورکزئی کی آئینی درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے دیدار حسین شاہ کی تقرری کو آئین سے ہٹ کر اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر چارج چھوڑنے کا حکم دیا ہے ۔سماعت کے دوران بینچ کے سربراہ جسٹس جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ اگرچیئرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعظم میں اتفاق رائے ہو بھی جائے تو کیاچیف جسٹس کا کوئی کردار نہیں ہو گا؟ اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے نہ صرف اسفند یار ولی کیس بلکہ این آر او کیس میں بھی قرار دیا ہے کہچیئرمین نیب کے تقرر کے لیے چیف جسٹس پاکستان سے بھی مشورہ کیا جائے ۔ وفاق کے وکیل حفیظ پیرزادہ کا موقف تھا کہ چیف جسٹس سے مشاورت جج میڈ قانون ہے اور اسے آئین کی شق پر فوقیت نہیں دی جاسکتی ۔سماعت کے دوران جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ عدالت ستمبر2010 کے بعد سے پراسیکیوٹر جنرل نیب کے عہدے پر تقرری نہ کیے جانے کے معاملے کو بھی دیکھ سکتی ہے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.