29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سانحہمارگلہکی تحقیقاتی رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ائیربلوطیارہ حادثے کی تحقیقا ت مکمل ہونے کے بعد رپورٹ آج وفاقی حکومت کے حوالے کردی گئی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قائم مقام ڈائریکٹرجنرل ایروائس مارشل ریاض الحق نے اسلام آباد سے فون پر جیونیوز کے نمائندے طارق ابوالحسن سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ ائیربلوطیارہ حادثہ کی رپورٹ آج وزارت دفاع کے حوالے کردی گئی ہے۔ائیربلو کا ایر بس اے 321 طیارہ گزشتہ سال 28 جولائی کواسلام آباد ایرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کے دوران مارگلہ کی پہاڑیوں پر گرکر تباہ ہوگیا تھا،حادثہ میں عملے سمیت طیارے میں سوار تمام 152 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔حادثے کی تحقیقات سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ سیفٹی انوسٹی گیشن بورڈ نے ایرکموڈور خواجہ عبدالمجید کی سربراہی میں کی،جبکہ شہری ہوا بازی کے ماہرین نے اس حادثے کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ اور دیگر ارکان کی اہلیت پر سوالات اٹھائے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ائیربلو طیارہ حادثے کی تحقیقات میں پائلٹ کوحادثہ کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، نجی فضائی کمپنی ائیربلو کی انتظامیہ اور جاں بحق مسافروں کے لواحقین نے تحقیقاتی رپورٹ عام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کیونکہ پاکستان میں فضائی حادثات کی رپورٹ عام کرنے کی کوئی روایت موجود نہیں ۔