29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی:فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق ،8 زخمی،12 گاڑیاں نذرآتش
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ، 12 گاڑیاں بھی جلادی گئی ہیں۔آل کراچی تاجر اتحاد اور کراچی ٹریڈرز ایکشن کمیٹی نے پیپلز پارٹی کی اپیل پر جمعے کواحتجاج اور ریلیوں سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔کراچی بھر کے تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔شہر میں گزشتہ شب سے فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کا سلسلہ شروع ہوا جس میں اب تک متعدد گاڑیوں کو آگ لگادی گئی ۔فائرنگ کے واقعات کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔لیاری،اورنگی ٹاؤن،کھارادر،گلستان جوہر،شانتی نگر اور قریبی علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے واقعات پیش آئے جبکہ آٓئی آئی چندریگر روڈ ،ایم اے جناح روڈ، اور اس سے متصل شاہراہوں پر رات گئے دیر تک کھلے رہنے والے چائے کے ہوٹل اور دکانیں بھی بند کروادی گئیں۔گزشتہ روز سے اب تک چار افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔شہر کی کشیدہ صورتحال کے باعث وزیر تعلیم سندھ پیر مظہر الحق نے آج تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جامعہ کراچی کے رجسٹرار نے اعلان کیا ہے کہ جامعہ کراچی کے تحت آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کے صدر پیر مظہر الحق نے جیو نیوز کو بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس سند اسمبلی کے وزیراعلی چیمبر میں آج صبح طلب کرلیا ہے جس میں آج کے احتجاج کے سلسلے میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔آل کراچی تاجر اتحاد کے چئیرمین عتیق میر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کااحترام کرتے ہیں اس کے فیصلے کے خلاف ہڑتال یا احتجاج کی حمایت نہیں کریں گے۔