29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پیپلز پارٹی کی سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف سندھ بھر میں ہڑتال
جنگ نیوز -
کراچی…سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈسید دیدار شاہ کے نیب چیئرمین کی تقرر ی کو غیرقانونی قرار دینے کے خلاف پیپلز پارٹی کی اپیل پر سندھ بھر میں ہڑتال کی جا رہی ہے ۔پیپلز پارٹی کی اپیل پرصوبے بھر میں ہڑتال کی جارہی ہے،سڑکوں پر ٹریفک کم ہے،کئی علاقوں میں مظاہرین نے ٹائر جلائے اور سڑکیں بلاک کر دیں۔ بہت سے شہروں میں جمعہ کی وجہ سے کاروباری مراکز بند ہیں ۔حیدر آباد میں رات گئے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔شہر میں صبح سے ہی ٹریفک معمول سے کم ہے ۔جمعہ کی وجہ سے تمام کارروباری مراکز بند ہیں ۔شہرمیں امن و امان قائم رکھنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ٹھٹھہ میں ہڑتال کے دوران جزوی طور پر ٹریفک معطل ہے ۔ مشتعل شہریوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی ہے۔لاڑکانہ میں ہڑتال کے دوران پیٹرول پمپ بند ہونے سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔نواب شاہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف وکلا نے عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیا۔ خیرپور میں ہڑتال کے اعلان کے بعد کاروباربند ہے۔سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے سے دفاتر میں حاضری بھی کم رہی ۔گمبٹ ،رانی پور،ہنگورجہ اور فیض گنج میں بھی ہڑتال کی جارہی ہے اور ٹریفک معمول سے کم ہے۔ بدین ،گولارچی، ٹنڈو باگو، ماتلی تلہار سمیت ضلع کے دیگر شہروں میں بھی ہڑتال کی جاری ہے ۔ پی پی پی کی اپیل پر نوشہروفیروز،مورو اور پڈ عیدن میں بھی ہڑتال جاری ہے ۔اوباڑو ،میر پور ماتھیلو اور گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہڑتال جاری ہے اس دوران میر پور ماتھیلو میں مشتعل افرادنے ٹائر نذر آتش کیے ۔ٹنڈو محمد خان میں سپریم کورٹ کے نیب چئیرمین کے تقرر کو غیر قانونی قرار دینے کے خلاف شہر میں ہڑتال کی گئی ۔جمعے کی وجہ سے کارروباری مراکز بند ہیں۔