29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پیپلز پارٹی کی اپیل پر سندھ بھر میں احتجاج جاری
جنگ نیوز -
کراچی …سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈسید دیدارحسین شاہ کی بطورچیئرمین نیب تقرری کو غیرقانونی قرار دینے کیخلاف پیپلز پارٹی کی اپیل پر سندھ بھر میں احتجاج جاری ہے۔پیپلزپارٹی کی جانب سے احتجاج کی اپیل پر حیدرآباد میں صبح سے ہی سڑکوں پر ٹریفک کم ہے،جمعے کی وجہ سے کاروباری مراکز بند ہیں۔کئی علاقوں میں مظاہرین نے ٹائر جلائے اور سڑکیں بلاک کردیں ،شہرمیں امن و امان قائم رکھنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔سکھر میں وکلا کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بار روم میں مٹھائی تقسیم کی گئی ۔دادو میں زبردستی دکانیں بند کرانے پر شہریوں نے پیپلزپارٹی کیخلاف مظاہرہ کیا۔ٹھٹھہ میں جزوی طور پر ٹریفک معطل ہے ۔ مشتعل افرادنے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔ لاڑکانہ میں احتجاج کے باعث پٹرول پمپ بند ہونے سے لوگوں کومشکلات کا سامنا ہے۔نوابشاہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ خیرپور،گمبٹ ،رانی پور،ہنگورجہ،میر پور ماتھیلو اور فیض گنج میں مشتعل افراد نے ٹائر جلائے ۔ٹنڈو محمد خان ،بدین ،گولارچی، ٹنڈو باگو، نوشہروفیروز،مورو،اوباڑو ،میر پورخاص اور گھوٹکی میں بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔