تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

عوام دہشت گردوں کی سفاکانہ کارروائیوں پر مشتعل نہ ہوں، الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید وزخمی ہونے کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ رات سے مسلح دہشت گردوں نے جس طرح شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا، بندوق کی نوک پر دکانوں اور بازاروں کو بند کرایا،گاڑیوں میں بیٹھے افراد جس میں خواتین بھی شامل تھیں ان سے زیورات ، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کربے پناہ تشدد کا نشانہ بنایااور گاڑیاں نذرآتش کیں اس پر مجھے انتہائی دکھ ہے ۔ انہوں نے دہشت گردوں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگوارلواحقین کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے ۔ الطاف حسین نے اہلیان سندھ بالخصوص کراچی کے عوام سے اپیل کی وہ مسلح دہشت گردوں کی اس سفاکانہ کارروائیوں پر ہرگز مشتعل نہ ہوں اورصبروتحمل کامظاہرہ کریں ۔ اللہ تعالیٰ سب کچھ دیکھ رہا ہے ، وہ بہتر انصاف کرنے والا ہے۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران اور کارکنان پر زوردیا کہ وہ دہشت گردی کے واقعات پر ہمت وحوصلے اور صبروتحمل سے کام لیں ، ہرقسم کے جذباتی ردعمل سے دوررہیں اور یہ معاملہ اللہ کی عدالت پر چھوڑ دیں ۔ دریں اثناء الطاف حسین نے نیوکراچی سیکٹر یونٹ 139کے کارکن عبد الرحمان کے انتقال پر گہرے دکھ او ر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں انھوں نے مرحوم کے تمام سو گوارلواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقا م عطا فرمائے او ر سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔(آمین)


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.