تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

عوام خواب غفلت سے نکل کر کراچی کے تحفظ کیلئے تیار رہیں،رابطہ کمیٹی

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سندھ بالخصوص کراچی میں بے گناہ شہریوں کو ہلاک وزخمی کرنے کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جمعرات کی شام سے جمعہ کی صبح تک مسلح دہشت گردوں نے سرکاری سرپرستی میں صوبہ سندھ اوراس کے دارالخلافہ کراچی میں جس طرح معصوم شہریوں پر گولیاں چلائیں ، انہیں شہید وزخمی کیا، بندوق کی نوک پر دکانیں اوربازار بند کرائے، دکانوں میں لوٹ مار کی، خواتین سمیت گاڑیوں میں موجود افراد سے زیورات ، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کربے پناہ تشدد کا نشانہ بنایااورگاڑیوں کو نذرآتش کیا وہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ سندھ بھر کے عوام کیلئے لمحہ فکریہ بھی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اہلیان سندھ بالخصوص کراچی کے حق پرست عوام نے ماضی میں سرکاری سرپرستی میں کی جانے والی مسلح دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے واقعات کا نہ صرف ہمت وحوصلے سے سامنا کیا بلکہ حالات کا ثابت قدمی سے مقابلہ بھی کیاہے اورحق پرست عوام آج بھی تمام تر مظالم پر صبروتحمل سے کام لے کر دہشت گردی کے ذریعہ عوام کی جان ومال سے کھیلنے والے عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیں گے ۔ رابطہ کمیٹی نے سندھ بھر کے حق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ خواب غفلت اور ذاتی مفادات کے دائرے سے باہر نکل کرسندھ اور اس کے دارالخلافہ کراچی کے تحفظ کیلئے ذہنی وجسمانی طور پر تیار رہیں، صوبے اور اس کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اپنا فرض ادا کریں اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر خاموشی کے قفل توڑتے ہوئے پوری دنیا کے انسانی حقوق کے اداروں کو مسلح دہشت گردی کے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کریں ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی لاٹھی بے آواز ہے ، اس کے گھر دیر ہے مگر اندھیر نہیں ہے ۔ ا نشاء اللہ ظلم کرنے والوں پر اللہ تعالیٰ کا عذاب نازل ہوگااور ظالموں سے ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائے گا۔دریں اثناء رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان رات بھر جاگتے رہے اور کراچی سمیت اندرون سندھ میں پی پی کی ہڑتال سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے ۔ شعبہ اطلاعات کے اعلامیہ کے مطابق ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان سندھ بھر میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعات پر تبادلہ خیال کرتے رہے اورانہوں نے مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت بھی کی۔اعلامیہ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی آج سندھ میں ہونے والی ہڑتال کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے ۔علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے نیوکراچی سیکٹر یونٹ 139کے کارکن عبدالرحمان،نارتھ کراچی سیکٹر یونٹ 174کے کارکن محمد قدیر الدین کی والد ہ محترمہ قمر امیر ،سو سائٹی سیکٹر یونٹ 62کے کارکن محمدفرقان کے والد عبد الکریم، تیسر ٹاؤن کے کارکن محمد عار ف کے والد محمد جمیل اور حیدرآباد سیکٹر ایف یونٹ 14-Aکے کارکن محمد الیاس کی والدہ محترمہ رضیہ سلطانہ کے انتقال پردلی افسوس کااظہارکرتے ہوئے مرحومین کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.