29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پنجاب اسمبلی،پی پی اور ق لیگ کے ارکان کا یونیفیکیشن بلاک کیخلاف احتجاج
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب اسمبلی کا آج کا اجلاس یونی فکیشن بلاک کے خلاف احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا ، پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ق نے مل کر ایوان میں لوٹے اور لوٹوں والے پلے کارڈ لہرائے،ایک خاتون رکن نے لوٹا اسپیکر کی جانب اچھال دیا،مسلم لیگ ق نے وزیراعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کردیا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا اقبال کی صدارت میں شروع ہوا تو پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق کے ارکان نے ہاتھوں میں لوٹے اور لوٹوں والے پلے کارڈ اٹھاکر احتجاج شروع کردیا،اسپیکر کے بار بار آرڈر ، آرڈر کہنے کے باوجود اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی جاری رکھی، ایوان میں کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی، اس دوران مسلم لیگ ق کی سیمل کامران نے لوٹا اسپیکر کی جانب اچھال دیا جبکہ ثمینہ خاور حیات لوٹوں کی تصویروں والے پلے کارڈ پر جوتی مارتی رہیں،اس موقع پرمسلم لیگ ق کے پارلیمانی لیڈر چوہدری ظہیر نے راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بننے پر مبارکباد دی۔ اور اپوزیشن بنچوں میں بیٹھنے کا خیرمقدم کیا ، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کو پنجاب اسمبلی کے اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل نہیں رہی،اس لئے دوبارہ اعتماد کا ووٹ لیں۔