29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی: فائرنگ، پرتشدد واقعات میں 8افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے ہڑتال کی کال کے بعد مختلف علاقوں فائرنگ اور پرتشدد کارروائیوں میں8 افراد جاں بحق اورمتعددزخمی ہوگئے جبکہ درجن بھرگاڑیوں ،دکانوں اورپتھاروں کوجلا دیا گیا ۔سپریم کورٹ کی جانب سے چیئرمین نیب کی تقرری کالعدم قرار دینے کیخلاف پیپلز پارٹی کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی،جس کے بعدنامعلوم افراد کی جانب سے گزشتہ شب سے فائرنگ اورجلاؤگھیراؤ کے واقعات کاسلسلہ شروع ہواجس کے بعد وزیر تعلیم سندھ نے کشیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے کراچی میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا۔پر تشدد کارروائیوں میں جمعے کی دوپہر تک ایک درجن سے زائدگاڑیوں کوآگ لگادی گئی، لیاری، اولڈ سٹی ایریاز، گارڈن، رنچھوڑلائن،کھارادر، گلستان جوہراورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، گلستان جوہر،قائد آباد، ملیر کے مختلف علاقوں کلفٹن ،شانتی نگر اور دیگرعلاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ، پیپلزپارٹی کے سابق کونسلر سمیت8 افراد کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اور شیر شاہ میں پانچ سے زائد دکانیں جبکہ پی آئی بی کالونی مین پتھاروں کو آگ لگادی گئی ۔پیپلز پارٹی کے یوم احتجاج کے باعث کراچی میں پبلک ٹرنسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اکثر علاقوں میں سی این جی اسٹیشن اور پٹرول پمپ بھی بند ہیں،جس کی وجہ سے سرکاری اور نجی دفاتر میں حاضری معمول سے انتہائی کم ہے جبکہ بڑے کاروباری مراکزاور شاپنگ سینٹرز بند ہیں تاہم بعض علاقوں میں گلی محلوں کی دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤں کے بعد کشیدگی برقرار ہے ۔